سرسی:26/اپریل(ایس اؤنیوز)اترکنڑا ضلع کے تجارتی مرکز سرسی میں سرسی بلدیہ کی نائب صدر ، صدر کے عہدے پر فائز ہونے کا تاریخ میں پہلا واقعہ پیش آیاہے۔ بلدیہ کی نائب صدر ارونا ورنیکر کی قسمت چمک اٹھی ، منگل کو نائب صدر کے کمرے سے نکل کر صدر کی کرسی پر براج مان ہوکر صدر کا حلف لیا ۔ بقیہ ممبران اس اچانک پیش آئی تبدیلی کو دیکھ کر آپس میں بات کررہے تھے کہ ’’ اس کو کہتے ہیں قسمت کا کھیل ‘‘۔
سرسی بلدیہ کی دوسری میعاد کے لئے صدارتی انتخابات کے دوران کانگریس پارٹی کے حکم کی خلاف ورزی کئے جانے کی وجہ سےبلدیہ کے 6کانگریس ممبران کی ممبرشپ ردکرتے ہوئےڈی سی نے فیصلہ سناتے ہوئے حکم نامہ جاری کیا تھاایسے میں خبر ملی ہے کہ بلدیہ کی ممبرشپ سے خارج ہونے والے ممبران نے ڈی سی کے فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے صدرکا عہدہ پھر ایک بار جھولتا نظر آرہاہے۔
مارچ 2013میں ہوئے بلدیہ انتخابات کے دوران کانگریس نے 20نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی اور اس وقت کانگریس کے شری کانت تاریباگیلو نے اپنی پہلی مدت اچھے طریقے سے پوری کی تھی ۔ دوسری مدت کے لئے ہوئے صدارتی انتخابات کے دوران کانگریس کے 7ممبروں نے پارٹی وھپ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باغی امیدوار پردیپ شٹی کے حق میں رائے دیتے ہوئے انہیں صدر منتخب کیا تھا۔ جس کے خلاف ضلع کانگریس صدر بھیمنا نائک نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا جہاں سے باغی امیدواروں کی ممبرشپ رد کرتے ہوئے فیصلہ سنایا گیا ۔